کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی دوسری لہر میں تیزی
کرونا وائرس تازہ ترین صورتحال
کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی ، ملک بھر میں756 نئے کیسز رپورٹ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2020ء) کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تیزی ، ملک بھر میں756 نئے کیسز رپورٹ جبکہ 13افراد افراد موت کے منہ میں چلے گئے ۔ پاکستان میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 218 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ تیرہ افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 614 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 218 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 237، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 997، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 464، بلوچستان میں 15 ہزار 599، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 982، اسلام آباد میں 17 ہزار 681 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 39 لاکھ 75 ہزار 596 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 862 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس میں تجویز دی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا عوامی اجتماعات پر پابندی لگائی جائے. قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال، وبا کے پھیلاﺅ کی شرح اور عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ دوسری لہر کے نتیجے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 6 ہفتوں میں سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق کورونا کا مرض دوبارہ سر اٹھا رہا ہے. اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں کورونا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاﺅن کیا جا رہا ہے بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومتی حکمت عملی سے پاکستان میں وبا کا پھیلاﺅ اور نقصان دیگر ملکوں کے مقابلے میں کم ہوا ہے. اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سرد موسم میں کورونا کے پھیلاﺅکا خطرہ بڑھ جاتا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ابھی سے حفاظتی اقدامات پر عمل یقینی بنائیں وزیراعظم نے کہا کہ اجلاس کا مقصد قوم کو دوسری لہراور مزید نقصانات سے بچانے کے لیے بروقت فیصلہ سازی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ حفاظتی اقدامات اورماسک کےاستعمال کو ہرصورت یقینی بنایا جائے.
حالات کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے تمام شہریوں کو نہایت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا بصورت دیگر دوسری لہر مزید پریشان کن حالات پیدا کر سکتی ہے
Stay Home stay safe