کرونا وائرس کا پھیلااؤ پھر سے تیز

کرونا وائرس دوسری لہر







لاہور ( 23 اکتوبر2020 ) کورونا وائرس کا پھر سے تیزی سے پھیلاو، 4 شہر خطرناک قرار، کراچی، حیدرآباد، مظفرآباد اور گلگت کورونا ہاٹ سپاٹ قرار، ایک مرتبہ پھر لاک ڈاون نافذ کرنے پر غور شروع۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ چند روز کے دوران کورونا کیسز اور وبا کے باعث ہونے والی اموات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ اس حالے سے طبی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ممکنہ طور پر ملک میں کورونا کی دوسری لہر کا آغاز ہو چکا ہے۔
اس حوالے سے پہلےہی خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ ملک میں موسم سرد ہوتے ہی کورونا وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی کچھ روز قبل کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کا اظہار کیا تھا۔ اب بتایا گیا ہے کہ ملک کے 4 شہر کورونا کے ہاٹ اسپاٹ ہیں۔




ان شہروں میں کراچی، حیدرآباد، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔ ان شہروں میں، خاص کر کراچی سے رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان شہروں میں لوگوں کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ کراچی میں تو کچھ روز قبل مخصوص علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون بھی نافذ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ملک بھر میں عالمی وباء کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بنا پر کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی طرف سے حکومت کو لاک ڈاؤن کی تجویز دینے پر غور شروع کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں عوام کی طرف سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ، اس سلسلے میں صرف مارکیٹس ہی نہیں بلکہ کسی بھی شعبے میں جاکر دیکھ لیا جائے تو وہاں پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ، یہی بنیادی وجہ ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ایک بار پھر مزید تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ چکے ہیں۔




کہا گیا ہے کہ اگر یہی حالات برقرار رہے تو اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو ایک بار پھر سے اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کی تجویز دیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 13افراد جان کی بازی ہارگئے ،اس کے ساتھ ہی ملک بھر اس عالمی وباء کی وجہ سے مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 715 ہوگئی ہے ، جب کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 855 ہوگئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہوچکی۔




اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں ، جب کہ صوبہ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ 42 ہزار 917 ، صوبہ پنجاب میں 1لاکھ 2 ہزار 253، پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 38 ہزار 886 ہے، صوبہ بلوچستان میں 15ہزار 767، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 ہزار 578 اور آزاد کشمیر میں 3ہزار 688 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ، گلگت میں یہ تعداد 4127 بتائی گئی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button